دیر آئے درست آئے، سہیل آفریدی کی آمد خوش آئند ہے، امیر مقام

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے)وفاقی وزیر امیر مقام نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی آمد اگرچہ دیر سے ہوئی مگر درست اور خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ سہیل آفریدی کا خیرمقدم کیا گیا اور ان کے اس اقدام کا شکریہ بھی ادا کیا گیا، اور یہ ظاہر کیا گیا کہ سیاسی وابستگیاں اہم ہیں، لیکن بالآخر سب ایک پاکستان کا حصہ ہیں اور قومی مفادات پر اتفاق ناگزیر ہے۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ ملاقات کے دوران دہشت گردی کے معاملے پر تفصیلی گفتگو ہوئی، اور وزیراعلیٰ نے خود اعتراف کیا کہ دہشت گردوں نے بعض علاقوں میں لوگوں کے گھروں پر قبضے کیے ہیں، جو ایک تشویشناک صورتحال ہے۔ امیر مقام نے کہا کہ سانحہ اے پی ایس کے بعد نیشنل ایکشن پلان تشکیل دیا گیا تھا اور موجودہ حالات میں ہمیں اپنی سیاست کو ایک طرف رکھ کر قومی سلامتی کو ترجیح دینا ہوگی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ملاقات میں صوبے کے مالی مسائل اور وفاق کے ذمے واجبات کا معاملہ بھی اٹھایا گیا، اور وفاقی حکومت چاہتی ہے کہ خیبرپختونخوا کو زیادہ سے زیادہ وسائل فراہم کیے جائیں۔ امیر مقام نے زور دیا کہ مسائل کا حل صرف باہمی مشاورت اور مل بیٹھ کر بات کرنے سے ممکن ہے، اور اسی طریقے سے قومی مفادات کے تحفظ کے لیے اقدامات آگے بڑھ سکتے ہیں۔



