ہالا:مخدوم امین فہیم کی 10ویں برسی عقیدت و احترام کیساتھ منائی گئی

ہالا(رپورٹ:امجد راجپوت/نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے)
ہالا میں نامور سیاستدان، پاکستان پیپلزپارٹی پارلیامینٹرینز کے سابقہ چئیرمین مخدوم محمد امین فہیم کی دسویں برسی آج ھالا میں نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔
برسی کے موقع پر مخدوم امین فہیم کے ایصالِ ثواب کیلئے درگاہ سرور نوح کے احاطے میں قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا۔سیاسی و سماجی شخصیات سمیت شہریوں نے مزار پر حاضری دے کر گل پوشی کی اور دعا کی۔
اس موقع پر سروری جماعت کے روحانی پیشوا اور رکنِ قومی اسمبلی مخدوم جمیل الزمان اور صوبائی وزیرِ خوراک مخدوم محبوب الزمان بھی اپنے مریدوں اور عقیدتمندوں کے ہمراہ درگاہ سرور نوح پہنچے جہاں انہوں نے مخدوم امین فہیم کے مزار پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور فاتحہ خوانی کی۔
مخدوم جمیل الزمان نے کہا کہ مخدوم امین فہیم نے اپنی پوری زندگی پیپلزپارٹی کے ساتھ گزاری اور عوام کی بے لوث خدمت کی۔ اُن کی کاوشوں کی بدولت مخدوم خاندان اور سروری جماعت پیپلزپارٹی میں شامل ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ میں ہالا، مٹیاری اور سندھ کے عوام سمیت سروری جماعت کو خراجِ محبت پیش کرتا ہوں جنہوں نے ہمیشہ ہمارا ساتھ نبھایا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ستائیسویں ترمیم سے عوام کو کسی قسم کا کوئی نقصان نہیں، صرف چند تکنیکی مسائل تھے جنہیں ملکی ترقی کے پیشِ نظر حل کیا گیا ہے۔ مخدوم جمیل الزمان کا کہنا تھا کہ سندھ میں نئے صوبے بنانے کی کوئی ضرورت نہیں، ۔ ملک کی سیاسی صورتحال بہتر ہے اور بلاول بھٹو زرداری کی پالیسی سب سے مؤثر ہے، جن کے تحت وہ سب کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں۔
دسویں برسی کے موقع پر ضلعی حکومت مٹیاری کی جانب سے پورے ضلع میں عام تعطیل کا اعلان بھی کیا گیاجبکہ میونسپل کمیٹی کی طرف سے شہر میں صفائی ستھرائی کے خصوصی انتظامات اور سیکیورٹی کے سخت انتظامات بھی کیے گئے۔



