امیشا پٹیل کے خلاف چیک باؤنس کیس میں ناقابل ضمانت وارنٹ جاری

ممبئی(جانوڈاٹ پی کے)بھارتی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ اور فلم ’کہو نہ پیار ہے‘ سے شہرت حاصل کرنے والی امیشا پٹیل نے اپنے خلاف جاری کیے گئے ناقابل ضمانت وارنٹ پر کہا ہے کہ میں اپنے کام پر توجہ دینے کو ترجیح دیتی ہوں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار راجپال یادیو ان دنوں چیک باؤنس کیس کے حوالے سے خبروں میں ہیں۔ اب اسی طرح کی صورتحال امیشا پٹیل کو درپیش ہے۔
رپورٹس کے مطابق عدالت نے امیشا کے خلاف 2017 میں منعقد ہونے والے ایک ایونٹ سے متعلق چیک باؤنس اور معاہدہ کی خلاف ورزی کے کیس میں ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیا ہے۔ یہ وارنٹ اس وقت جاری کیا گیا جب امیشا کئی بار طلب کیے جانے کے باوجود عدالت میں حاضر نہیں ہوئیں۔
امیشا نے اس معاملے پر اب اپنے آفیشل سوشل میڈیا ہینڈل کے ذریعے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میڈیا رپورٹس میں مرادآباد میں ایک شخص پَون ورما کی جانب سے بعض کارروائیوں کا ذکر کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں سب کو مطلع کرنا چاہتی ہوں کہ یہ ایک پرانا معاملہ ہے، جو کئی سال پہلے طے ہو چکا تھا، جس میں پوون ورما نے سیٹلمنٹ پر دستخط کیے تھے اور طے شدہ مکمل رقم وصول ادا کردی گئی تھی۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ اس کے باوجود ایسا معلوم ہوتا ہے کہ اس نے جھوٹے الزامات عائد کرتے ہوئے دوبارہ کارروائی کا آغاز کیا ہے، میرے وکلا اس شخص کے خلاف دھوکہ دہی کی مناسب فوجداری کارروائی شروع کر رہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ میں اپنے کام پر توجہ مرکوز رکھنے اور ان لوگوں کو نظرانداز کرنے کو ترجیح دیتی ہوں جو جھوٹے بہانوں سے توجہ حاصل کرنے کے لیے تماشہ بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ 2017 میں ایونٹ آرگنائزر پَون ورما نے امیشا پٹیل کو شادی کی ایک تقریب میں پرفارم کرنے کے لیے بک کیا اور انھیں ساڑھے 14 لاکھ روپے ایڈوانس دیے تھے، تاہم امیشا اس تقریب میں جا نہیں سکی تھیں اور انھوں نے آرگنائزر کو یقین دلایا تھا کہ وہ رقم واپس کر دینگی۔
اطلاعات کے مطابق انھوں نے دس لاکھ تو لوٹا دیے تاہم ساڑھے چار لاکھ کا ایک چیک باؤنس ہوا جس پر ان کے قانونی کارروائی شروع کی گئی تھی۔



