القلم ریڈی اینٹ اسکول علی پورچٹھہ میں سالانہ پرائز ڈسٹری بیوشن تقریب ،ہونہارطلبہ کوشیلڈز اور میڈلز سے نوازا گیا

وزیرآباد(جانوڈاٹ پی کے) القلم ریڈی اینٹ اسکول علی پورچٹھہ کے زیر اہتمام اینول پرائز ڈسٹری بیوشن سرمنی 2025 شایانِ شان طریقے سے منعقد ہوئی، جس میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ و طالبات کو شیلڈز اور میڈلز سے نوازا گیا۔ تقریب میں ادارہ ہٰذا کے پرنسپل رانا محمد وقاص نے معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر مہمانِ خصوصی ڈی ای اے وزیرآباد اختر علی خان تھے، جبکہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر افتخار احمد نت، شہباز حسین چیمہ، محمد اظہر اقبال (بی ای او)، پرنسپل گورنمنٹ ہائی اسکول علی پورچٹھہ ناصر اقبال بٹ سمیت معززینِ شہر، اساتذہ، والدین اور صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔مہمانِ خصوصی اختر علی خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ تعلیم کو محض مقابلہ یا ریس نہیں بلکہ معاشرتی بقا اور کردار سازی کا ذریعہ سمجھنا چاہیے۔ بچوں کی نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ان کی اخلاقی، سماجی اور عملی تربیت نہایت ضروری ہے۔ ایک اچھا تعلیمی ادارہ وہی ہے جو بچوں کو زندگی جینے کے رنگ سکھائے اور انہیں باکردار شہری بنائے۔ تقریب کے دوران پوزیشن ہولڈر طلبہ و طالبات میں انعامات تقسیم کیے گئے جبکہ مہمانانِ گرامی، معزز شخصیات اور صحافیوں کو تعلیمی خدمات کے اعتراف میں تشکر کی شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔ آخر میں پرنسپل رانا محمد وقاص نے تمام مہمانوں، اساتذہ، والدین اور انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ القلم ریڈی اینٹ اسکول آئندہ بھی معیاری تعلیم اور ہمہ جہت تربیت کے مشن کو پوری دیانتداری سے جاری رکھے گا۔



