وزیرآباد: الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے 700 سے زائد مستحق گھرانوں کو رمضان امدادی پیکج فراہم

وزیرآباد(جانوڈاٹ پی کے)الخدمت فاؤنڈیشن وزیرآباد کے زیر اہتمام نجی مارکی میں مستحق افراد کے لیے رمضان امدادی پیکج کی تقسیم کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں 700 سے زائد مستحق گھرانوں کو ماہِ مقدس کے لیے راشن فراہم کیا گیا۔ امدادی پیکج میں آٹا، چینی، گھی، دالیں، شربت، بیسن، چنے اور کھجوریں شامل تھیں۔تقریب میں صدر الخدمت فاؤنڈیشن وزیرآباد محمد مشتاق بٹ، اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد جواد حسین پیرزادہ، الخدمت فاؤنڈیشن کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد خالد شیخ،ضلعی امیر جماعت اسلامی چوہدری ناصر محمود کلیر،ضلعی نائب امیر جماعت اسلامی صابر حسین بٹ،صدر مرکزی تنظیم تاجران چوہدری ناصر محمود اللہ والے،سیکرٹری جنرل الخدمت فاؤنڈیشن عمران منیر بٹ،رضا نصیر بھتی،دانش علی،حافظ عبد المتین سمیت جماعت اسلامی و الخدمت فاؤنڈیشن کے ذمہ داران نے شرکت کی اس موقع پر مستحق خاندانوں میں باعزت طریقے سے راشن تقسیم کیا گیا۔صدر الخدمت فاؤنڈیشن محمد مشتاق بٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام ہمیں اخوت، بھائی چارے اور ایثار کا درس دیتا ہے جبکہ رمضان المبارک احساس، ہمدردی اور ایثار کا عملی مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن ہمیشہ سے ضرورت مند افراد کی مدد کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے اور مخیر حضرات کے تعاون سے یہ سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد جواد حسین پیرزادہ نے رمضان پیکج ڈسٹری بیوشن پروگرام میں الخدمت فاؤنڈیشن وزیرآباد کے ذمہ داران کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن ملکی و بین الاقوامی سطح پر فلاحی خدمات انجام دے کر پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کر رہی ہے، جو قابل تحسین امر ہے۔ الخدمت فاؤنڈیشن کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد خالد شیخ نے کہا کہ ملک کے اندر اور بیرونِ ملک انسانیت کی خدمت کے حوالے سے الخدمت فاؤنڈیشن ایک معتبر نام بن چکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ الخدمت فاؤنڈیشن وزیرآباد نہ صرف رمضان پیکج کی فراہمی بلکہ سال بھر فلاحی سرگرمیوں میں مصروفِ عمل ہے۔الخدمت کی جانب سے 2250 سے زائد افراد کو بلاسود قرض فراہم کیے جا رہے ہیں، 225 یتیم بچوں کی کفالت کی جا رہی ہے، بیوگان، یتامیٰ اور مساکین کی معاونت، مستحق طلبہ کو مفت تعلیم کی فراہمی جاری ہے  اور گذشتہ برس گذرنے والے سیلاب میں الخدمت نے  متاثرین کی امداد  کے لیے  مؤثر اقدامات کیے 2000 سے زائد گھرانوں کو خشک راشن،جانوروں کے لیے ونڈا، پکا پکایا کھانا اور بستر بھی فراہم کیے۔(فوٹو ہمراہ ہے)

مزید خبریں

Back to top button