بدین:الخدمت فاؤنڈیشن کا بے روزگار نوجوانوں کیلئے سبزی و فروٹ کے ٹھیلوں کی فراہمی کا عملی اقدام

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانوڈاٹ پی کے) الخدمت فاؤنڈیشن سندھ  کے شعبہ اسلامک مائیکروفنانس کے تحت ضلع بدین کےبے روزگار نوجوانوں کو روزگار کے حصول کے لیے سبزی وفروٹ کے ٹھیلے فراہم کیے گئے۔ اس موقع پر جماعت اسلامی ضلع بدین کے امیر انجنيئر سیدعلی مردان شاہ گیلانی الخدمت کےضلعی صدر غلام رسول احمدانی سمیت مختلف سماجی و فلاحی شخصیات موجود تھیں۔ بیروزگارنوجوانوں کو ٹھیلوں کی فراہمی کی سادہ وپروقار تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی ضلع بدین کے امیر انجنيئر سیدعلی مردان شاہ گیلانی نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کا یہ عملی قدم نوجوانوں کی معاشی بہتری اور خود روزگاری کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ صرف مالی امداد دینا کافی نہیں، بلکہ نوجوانوں کو ایسا ذریعۂ روزگار فراہم کرنا ضروری ہے جس کے ذریعے وہ مستقل بنیادوں پر اپنے پاؤں پر کھڑے ہوسکیں۔ انہوں نے بتایا کہ الخدمت کا اسلامک مائیکروفنانس پروگرام نہ صرف مستحقین کی فلاح کے لیے کام کرتا ہے بلکہ انہیں معاشی طور پر مضبوط بنانے کے لیے بھی سرگرم ہے۔ اس پروگرام کے تحت بے روزگار نوجوانوں کو چھوٹے کاروبار شروع کرنے کے لیے آسان قرضے فراہم کیے جاتے ہیں، جو گھریلو معاشی دباؤ کم کرنے کے ساتھ ساتھ معاشرے میں غربت میں کمی کا ذریعہ بنتے ہیں۔ نوجوان کسی بھی معاشرے کی سب سے قیمتی سرمایہ کاری ہوتے ہیں، اس لیے ان کی توانائیوں کو مثبت سمت دینا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت آئندہ بھی ایسے منصوبوں کے ذریعے نوجوانوں کو باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرتی رہے گی تاکہ وہ اپنی محنت کے بل پر معاشی طور پر خود مختار بن سکیں

مزید خبریں

Back to top button