میشا شفیع کو علی ظفر کے حق میں فیصلے کیخلاف اپیل مہنگی پڑ گئی

لاہور(جانو ڈاٹ پی کے)لاہورہائیکورٹ نے گلوکار علی ظفر کے میشا شفیع کیخلاف ہتک عزت کیس میں ٹرائل کورٹ کو30دن میں فیصلہ کرنے کا حکم دیدیا۔جسٹس احمد ندیم ارشد نے میشا شفیع کی جانب سے دائر درخواست مسترد کردی جس میں ٹرائل کورٹ کے اس سابقہ حکم کو چیلنج کیا گیا تھاجس کے تحت انہیں کیس کے حتمی فیصلے تک عوامی بیانات دینے سے روک دیا گیا تھا۔لاہور ہائیکورٹ نے ٹرائل کورٹ کے حکم کو برقرار رکھتے ہوئے کہا کہ مقدمے کے اختتام تک بیانات پر پابندی عائد کرنا قانونی اور جائز ہے۔عدالت نے مزید کہا کہ اگرچہ آزادی اظہار ایک بنیادی حق ہے، تاہم منصفانہ ٹرائل کو یقینی بنانے کے لیے عدلیہ ایسے معاملات میں انتہائی احتیاط سے کام لیتی ہے۔سماعت کے دوران میشا شفیع کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ہتکِ عزت کے مقدمات میں حکمِ امتناع عائد نہیں کیا جانا چاہیے۔تاہم عدالت نے اس دلیل کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ عدالتوں کو حتمی فیصلے تک بیانات پر پابندی عائد کرنے کا اختیار حاصل ہے۔



