عمران خان کا چھپ کر علاج قبول نہیں، علیمہ خان

لاہور (جانوڈاٹ پی کے)بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی بہن علیمہ خان  نے کہا ہے کہ عدالت کا نظام دفن ہو چکا ہے اور عمران خان کا چھپ کر علاج کروانا قابل قبول نہیں ہے۔

عدالت میں پیشی کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے بتایا کہ انہیں عمران خان کی صحت سے متعلق تفصیلات اس وقت معلوم ہوئیں جب سلمان صفدر کو سپریم کورٹ میں پیش کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے بتایا کہ انہیں تین ماہ سے دھندلا نظر آ رہا ہے لیکن مجموعی طور پر وہ صحت مند ہیں۔ علیمہ خان کے مطابق ملاقات کے دوران عمران خان کی آنکھ سے پانی نکل رہا تھا اور آنکھ کی شکایت پر صرف آئی ڈراپ دی گئی۔

علیمہ خان نے اس سلسلے میں الزام لگایا کہ غفور انجم (جیل سپرنٹنڈنٹ) اور ڈاکٹر عمران خان کا علاج نہ کرنے میں ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر معاملہ کل بھوشن جیسے ہوتا تو پوری پاکستان کی میڈیکل ٹیم موجود ہوتی۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کا جرم عوام کی بات کرنا ہے اور دشمن کبھی ہیرو نہیں ہو سکتا۔

انہوں نے کہا کہ چھپ کر علاج کروانا ہم قبول نہیں کریں گے اور ذاتی معالج کی موجودگی کیوں نہیں دی جا رہی، اس پر بھی شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ علیمہ خان نے کے پی کے کے ایم این اے، محمود اچکزئی اور ناصر عباس نقوی کے احتجاج پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کے پی کے کو بند رکھا جائے جب تک عمران خان کا علاج مکمل نہیں ہوتا۔

علیمہ خان نے عوام سے اپیل کی کہ وہ برداشت کے ساتھ احتجاجی اقدامات میں حصہ ڈالیں اور کہا کہ رپورٹوں پر اعتماد نہیں کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ رات کو فون آیا کہ اسپتال میں علاج ممکن ہے لیکن ذاتی ڈاکٹر اور فیملی ممبر موجود نہیں ہوں گے، جو کہ قبول نہیں ہے۔

واضح رہے کہ علیمہ خان انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں پولیس پر مبینہ تشدد اور سڑک بلاک کرنے کے مقدمے میں عبوری ضمانت پر پیش ہوئیں۔ عدالت نے ان کی عبوری ضمانت 13 مارچ تک توسیع کر دی اور آج کی سماعت میں علیمہ خان نے حاضری مکمل کروائی۔ مقدمہ تھانہ شفیق آباد میں درج ہے۔

مزید خبریں

Back to top button