عمران خان کی وائرل تصویر اصلی ہے،میڈیا تصدیق کرے،بھائی سے ملاقات ہمارا حق ہے: علیمہ خان

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی عمران خان کی تصویر کو اصلی قرار دے دیا۔

انسداد دہشت گردی کی عدالت راولپنڈی میں پیشی کے بعد میڈیا ٹاک کرتے ہوئے علیمہ خان کا کہنا تھا جو بھی جج انصاف، آئین اور قانون کے مطابق کام نہیں کرسکتا وہ جگہ خالی کردے۔

ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو قید تنہائی میں رکھا گیا ہے، بانی کی ایک تصویر سوشل میڈیا آئی ہے، پرانی ہے مگر لگتا ہے اصل تصویر ہے، میڈیا بھی اس کی تصدیق کرے۔

صحافی نے سوال کیا کہ آپ پر بھی ایجنسیوں کے ساتھ روابط کے الزامات لگے ہیں، اس سوال پر علیمہ خان کا کہنا تھا کس ایجنسی کا؟ ایم آئی کا آئی ایس آئی کا؟ یہ ساری ہماری اپنی ایجنسیاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں سب کا بوجھ اٹھانے کو تیار ہوں جس کا دل کرتا ہے میرا نام لے، ہماری ملاقات نہیں کرواتے، پانی پھینک دیتے ہیں، یہ کچھ بھی کرلیں ہم اپنے مقصد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، جو شیر افضل مروت کو seriously سنتے ہیں مجھے ان پر ترس آتا ہے، آج میں نے جج کو کہا کہ یہ جو میرے خلاف گواہی دے رہے ہیں یہ تو سپاہی ہیں یہ قرآن پر جھوٹی گواہی دے رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ تو سزا پائیں گے یہ تو قربانی کے بکرے ہیں، اصل وہ لوگ جو گواہی دینے پر ان کو مجبور کرتے ہیں، عمران خان نے تحریک انصاف کی جماعت کو انصاف، آئین قانون اور جمہوریت کی بالادستی کے لیے بنایا، عمران خان ڈھائی سال سے ان تین چیزوں کے لیے جیل میں قید ہیں۔

علیمہ خان نے کہا کہ عمران خان دو چیزیں کبھی نہیں چھوڑتے ایک اللہ اور ایک ورزش، بند بھی کرتے ہیں تو وہ سیل میں بھی ورزش کر لیتے ہیں، اڈیالہ جیل میں بھائی سے ملاقات ہمارا آئینی، قانونی اور اخلاقی حق ہے، کسی کو بھی پانچ روز سے زائد اکیلا بند کرنا عالمی قوانین میں ٹارچر کہلاتا ہے، ہم منگل کو ملاقات کے لئے دوبارہ جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان تین چیزوں آئین کی بالا دستی، 26ویں  اور 27ویں ترامیم، شفاف الیکشن پر سمجھوتہ یا ڈیل نہیں کریں گے۔

مزید خبریں

Back to top button