ایران میں ہنگامی اقدامات: آج عارضی قیادت کونسل قائم ہوگی، علی لاریجانی کا سخت پیغام

تہران(مانیٹرنگ ڈیسک) علی لاریجانی نے اعلان کیا ہے کہ ایران میں آج ہی عارضی قیادت کونسل قائم کی جائے گی جو موجودہ حالات میں ریاستی امور سنبھالے گی۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ امریکا اور اسرائیل ایران کو لوٹنے اور منتشر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا میں اقتدار پر بیٹھا شخص اسی "لوٹ مار کی ذہنیت” کی مکمل علامت ہے۔
علی لاریجانی نے کہا کہ آیت اللہ علی خامنہ ای نے مشکل ترین حالات میں بھی سادہ زندگی پر اصرار کیا اور ملک کی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ استعماری طاقتیں جب بھی کسی ملک میں داخل ہوتی ہیں تو ان کا مقصد اس کے وسائل پر قبضہ کرنا ہوتا ہے۔ ان کے بقول اگر علیحدگی پسند گروہوں نے ملک میں انتشار پھیلانے کی کوشش کی تو انہیں سخت جواب دیا جائے گا۔
ایرانی نیشنل سکیورٹی کونسل کے سربراہ نے مزید کہا کہ اسرائیل ایران کو تقسیم کر کے اپنی بقا یقینی بنانا چاہتا ہے اور بڑی ریاستوں کو کمزور کرنا اس کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکا اور صہیونی حکومت نے ایرانی عوام کے دل جلا دیے ہیں، اور ایران بھی سخت ردعمل دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق عارضی قیادت کونسل کا قیام ایران میں آئینی عمل کا حصہ ہے، جس کے تحت مستقل سپریم لیڈر کے انتخاب تک عبوری انتظام سنبھالا جاتا ہے۔ موجودہ صورتحال میں یہ اقدام داخلی استحکام برقرار رکھنے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔
خطے میں بڑھتی کشیدگی کے تناظر میں ایران کے بیانات نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال کو مزید حساس بنا دیا ہے۔



