صوبائی وزیر علی حسن زرداری کا سینٹرل جیل کراچی کا اچانک دورہ

کراچی (جانوڈاٹ پی کے)صوبائی وزیر برائے جیل خانہ جات و ورکس اینڈ سروسز علی حسن زرداری نے سینٹرل جیل کراچی کا اچانک دورہ کیا اور جیل میں انتظامی امور، سکیورٹی، سہولیات اور قیدیوں کے مسائل کا ذاتی طور پر جائزہ لیا۔
دورے کے دوران وزیر نے جیل کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا، جن میں بیرکس، ملاقات گاہیں اور دیگر انتظامی شعبے شامل تھے، اور جیل عملے سے تفصیلی بریفنگ لی۔ انہوں نے صفائی، طبی سہولیات، خوراک کی فراہمی اور سکیورٹی انتظامات پر خصوصی توجہ دی اور جہاں بہتری کی ضرورت تھی وہاں فوری ہدایات جاری کیں۔
علی حسن زرداری نے ملاقات کے لیے آنے والے قیدیوں کے ورثاء سے بھی براہِ راست ملاقات کی، ان کے مسائل، شکایات اور تجاویز سنی اور یقین دہانی کرائی کہ جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ متعلقہ افسران کو ہدایت دی گئی کہ ملاقاتوں کے نظام کو شفاف اور سہل بنایا جائے اور کسی بھی قسم کی تاخیر یا ناانصافی برداشت نہ کی جائے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ جیلوں میں اصلاحات حکومت سندھ کی اولین ترجیح ہیں، قیدی بھی انسان ہیں اور انہیں قانون کے مطابق بنیادی سہولیات فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جیل نظام میں بہتری، قیدیوں کی بحالی اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات جاری رہیں گے، اور کسی قسم کی کوتاہی پر سخت کارروائی کی جائے گی۔



