لاڑکانہ: شہری علی گل کلہوڑو کی پولیس فائرنگ سے ہلاکت، آئی جی سندھ کی تحقیقاتی کمیٹی نے بیانات قلمبند کر لیے

لاڑکانہ (رپورٹ: احسان جونیجو/نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے) لاڑکانہ میں پولیس اہلکار کے ہاتھوں سر راہ فائرنگ میں شہری علی گل کلہوڑو کے قتل واقعے پر وزیر داخلہ سندھ کے احکامات کے پیش نظر آئی جی سندھ کی جانب سے قائم تحقیقاتی کمیٹی کا اجلاس ڈی آئی جی لاڑکانہ آفس میں جاری ہے، جہاں کمیٹی کے سربراہ ایڈیشنل آئی جی سندھ سی ٹی ڈی ذوالفقار علی لاڑک نے واقعے کے وقت موجود پولیس اہلکاروں کے بیانات قلمبند کر لیے ہیں جبکہ مقتول علی گل کلہوڑو کے ورثا بھی ڈی آئی جی آفس پہنچ گئے جہاں علی گل کے کزن غلام مصطفیٰ کلہوڑو، ماموں حاجی سچل، رشتہ دار محمد بخش کلہوڑو اور حاجی منظور کلہوڑو نے کمیٹی کے سامنے اپنے بیانات ریکارڈ کروائے، مذکورہ تحقیقاتی کمیٹی تین دن میں اپنی سفارشات اور رپورٹ آئی جی سندھ کو ارسال کرے گی. واضح رہے کہ تھانہ حیدری کی حدود میں 27 دسمبر کو مبینہ مقابلے میں زخمی شہری علی گل کلہوڑو کو پولیس اہلکار نے سر میں گولیاں مار کر قتل کیا تھا جس واقعے کی وڈیو وائرل ہونے کے بعد پولیس اہلکار عرض محمد جتوئی کو گرفتار کیا گیا تھا.



