علی امین گنڈاپور باضابطہ اشتہاری،تحریری حکم آگیا

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو اشتہاری قرار دینے کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔

جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن چشتی کی جانب سے جاری حکم نامے کے مطابق پولیس نے عدالت کو رپورٹ پیش کی کہ ملزم کے خلاف ضابطہ فوجداری کی دفعہ 87 کے تحت اشتہارات چسپاں کیے جا چکے ہیں۔ ہیڈ کانسٹیبل قرمان نے عدالت کو بتایا کہ اشتہاری کارروائی مکمل ہونے کے بعد رپورٹ جمع کروا دی گئی ہے۔

عدالت نے حکم نامے میں قرار دیا کہ دستیاب شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملزم روپوش ہو چکا ہے، جس کے باعث عدالت نے علی امین گنڈاپور کو باضابطہ طور پر اشتہاری قرار دے دیا ہے۔ عدالت نے ملزم کے ضمانتی مچلکے منسوخ کرتے ہوئے دائمی وارنٹِ گرفتاری بھی جاری کر دیے ہیں۔

حکم نامے کے مطابق علی امین گنڈاپور کا نام اشتہاری ملزمان کی فہرست میں شامل کرنے کا حکم دیا گیا ہے تاکہ ان کی گرفتاری عمل میں لائی جا سکے، جبکہ ملزم کے ضمانتی کے خلاف بھی قانونی کارروائی شروع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ علی امین گنڈاپور کے خلاف تھانہ بارہ کہو میں شراب برآمدگی اور ناجائز اسلحہ رکھنے کے الزامات کے تحت مقدمہ درج ہے، جو اکتوبر 2016 میں قائم کیا گیا تھا۔

مزید خبریں

Back to top button