26 نومبر احتجاج کیس: عدم پیشی پر علیمہ خان کے ضمانتی مچلکے ضبط کرنے کا حکم

راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے) انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان کے ضمانتی مچلکے ضبط کرنے کے احکامات جاری کر دیئے۔
اے ٹی سی کے جج نے علیمہ خان سمیت 11 ملزمان کے خلاف 26 نومبر کے احتجاج پر درج مقدمے کی سماعت کی، جس میں علیمہ خان اور ان کے وکلاء عدالت پیش نہیں ہوئے۔
عدالت نے علیمہ خان کے قابل ضمانت وارنٹ اور ضمانت منسوخی کے نوٹس جاری کر دیئے، عدالت نے علیمہ خان کو توہین عدالت کا نوٹس بھی جاری کر دیا۔
پراسیکیوشن کی جانب سے علیمہ خان کے ضمانتی مچلکے ضبط کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا گیا کہ ملزمہ نے عدالت کو یقین دہانی کرائی ہے وہ ہر سماعت پر پیش ہوں گی، جس کے بعد عدالت نے علیمہ خان کے دس دس لاکھ کے 2 ضمانتی مچلکے ضبط کرنے کا حکم دے دیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے کیس کی مزید سماعت 15 دسمبر تک ملتوی کر دی۔



