محمود خان اچکزئی کو اپوزیشن لیڈر بنانا’’مک مکا کی سیاست‘‘، عدالت میں چینلج کیا جائے گا، اکبر ایس بابر

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان تحریک انصاف کے بانی رہنما اکبر ایس بابر نے محمود خان اچکزئی کو اپوزیشن لیڈر بنانے کے اسپیکر قومی اسمبلی کے متوقع فیصلے کو ’’مک مکا کی سیاست‘‘ کی واضح مثال قرار دیتے ہوئے قانونی فورم پر چیلنج کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
اپنے یان میں اکبر ایس بابر کا کہنا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے محمود خان اچکزئی کو اپوزیشن لیڈر نوٹیفائی کرنا سپریم کورٹ کے فیصلے کی کھلی خلاف ورزی ہوگا، سپریم کورٹ اپنے فیصلے (پی ایل ڈی 2018، صفحہ 370) میں واضح طور پر قرار دے چکی ہے کہ سزا یافتہ شخص سیاسی فیصلوں کا مجاز نہیں۔ قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط اسپیکر کو اس بات کی اجازت نہیں دیتے کہ کسی سزا یافتہ فرد کی ایما پر اپوزیشن لیڈر تعینات کیا جائے۔
اکبر ایس بابر نے خبردار کیا کہ سپریم کورٹ کے واضح فیصلے کی خلاف ورزی توہینِ عدالت کے زمرے میں آئے گی اور یہ ’’مک مکا کی سیاست‘‘ کی واضح مثال ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ مفاہمت کے نام پر ہونے والی یہی مک مکا سیاست عوام کو بدحال اور حکمرانوں کو خوشحال بناتی رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں بااثر سیاست دان قانون سے بالاتر ہو چکے ہیں، چاہے وہ ملک دشمن سیاست کریں، اداروں پر حملے کریں، وسائل لوٹیں یا معیشت کو نقصان پہنچائیں، احتساب سے بچ نکلتے ہیں۔
اکبر ایس بابر کا کہنا تھا کہ مفاہمت کے نام پر جاری اس مک مکا سیاست کو دفن کرنے کا وقت آ چکا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ سیاسی، قانونی اور میڈیا کے محاذوں پر اندرونی دشمنوں کے خلاف ’’معرکۂ حق‘‘ کا دوسرا مرحلہ شروع ہونے جا رہا ہے، اور اس جدوجہد میں کامیابی پاکستان اور عوام کی ہوگی۔



