ورلڈ بینک کے صدر اجے پال سنگھ بنگا خانپور ہزارہ پہنچے، جولیاں کے قدیم گندھارا ورثے کا بین الاقوامی سطح پر جائزہ

خانپور، ہزارہ (جانوڈاٹ پی کے)ورلڈ بینک کے صدر اجے پال سنگھ بنگا نے اقوام متحدہ کے اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ خانپور، ہزارہ کا دورہ کیا، جہاں وفد نے عالمی ثقافتی ورثے میں شامل آثارِ قدیمہ جولیاں کا وزٹ کیا۔ دورے کے موقع پر وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور دیگر حکومتی ارکان بھی موجود تھے۔
وفد کا پرتپاک استقبال سیکرٹری محکمہ آثارِ قدیمہ عبدالصمد، کمشنر ہزارہ اور دیگر انتظامی افسران نے کیا۔ دورے کے دوران مہمانوں کو ہزاروں سال قدیم بدھ مت تہذیب اور گندھارا ورثے کے تاریخی، ثقافتی اور ماحولیاتی اہم پہلوؤں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ مہمانوں کو یادگاری تحائف بھی پیش کیے گئے، جبکہ وفد نے شاندار استقبال اور مہمان نوازی پر حکومتِ پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔
ورلڈ بینک کے صدر اجے پال سنگھ بنگا نے کہا کہ گندھارا ورثے کی قیمتی اور نایاب اشیاء کی بہترین دیکھ بھال پر محکمہ آثارِ قدیمہ کے اقدامات قابلِ تعریف ہیں اور انہوں نے اس کردار کو سراہا۔
واضح رہے کہ وفد نے گزشتہ شام بھی خانپور اور اس کے گرد و نواح میں واقع دیگر تاریخی مقامات کا دورہ کیا تھا، جس سے علاقائی ثقافتی ورثے کی اہمیت اجاگر ہوئی اور بین الاقوامی سطح پر اس کے تحفظ کے فروغ میں مثبت اقدامات کی حوصلہ افزائی ہوئی۔



