اعصام الحق نے کیریئر کا آخری میچ کھیل کر ٹینس کو الوداع کہہ دیا

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان کے لیجنڈ ٹینس اسٹار اعصام الحق ٹینس کورٹ سے رُخصت ہوگئے۔

 اسلام آباد میں ہونے والا اے ٹی پی چیلنجر کپ کا مینز ڈبلز فائنل اعصام الحق کے کیریئر کا آخری مقابلہ تھا۔

چیلنجر کپ کے مینز ڈبلز فائنل میں اعصام کو مزمل مرتضیٰ کے ساتھ حریف پیئر کے خلاف اسٹریٹ سیٹ میں شکست ہوئی۔

اعصام الحق کا کہنا تھا کہ حریف پیئر کو جیت پر مبارک باد پیش کرتے ہیں ، پورے کیریئر میں سپورٹ کرنے پر اپنی فیملی اور دیگر لوگوں کے شکر گزار ہیں ، بطور صدر پاکستان ٹینس فیڈریشن وہ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کررہے ہیں ، اے ٹی پی ٹورنامنٹ کا پاکستان میں انعقاد بڑی کامیابی رہی ۔

یاد رہے کہ  اعصام الحق نے گزشتہ دنوں پروفیشنل ٹینس سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔

اعصام الحق کے شاندار کیریئر پر ایک نظر 

پاکستان کے لیجنڈ ٹینس کھلاڑی اعصام الحق نے اپنے شاندار  کیریئر کے دوران ملک کے لیے سب سے زیادہ 18 اے ٹی پی ورلڈ ٹور ٹائٹل جیتے۔ 28 اے ٹی پی چیلنجر ٹائٹل ان کے نام رہے ۔

ٹینس اسٹار نے ڈبلز میں 17 آئی ٹی ایف فیوچر ٹائٹلز بھی اپنے نام کیے ۔

اعصام الحق نے سنگلز میں بھی 5 آئی ٹی ایف ٹائٹل حاصل کیے ۔ ایک اے ٹی پی چیلنجر ٹائٹل بھی اعصام الحق نے حاصل کیا ۔ وہ ڈیوس کپ میں سنگلز، ڈبلز اور مجموعی طور پر سب سے زیادہ میچ جیتنے والے پاکستانی کھلاڑی بھی ہیں۔

کیریئر کے آخری میچ کے اختتام پر تماشائیوں اور ساتھی کھلاڑیوں نے  اعصام الحق کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

مزید خبریں

Back to top button