آلودہ ترین شہروں میں نئی دہلی سرفہرست، لاہورکا دوسرا نمبر

لاہور (جانوڈاٹ پی کے)بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی نے لاہور کو آلودگی میں پیچھے چھوڑ دیا،فضائی آلودگی کے باعث لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں دوسرے نمبر پر پہنچ گیا۔ عالمی ماحولیاتی نگرانی کے ادارے آئی کیو ایئر کے مطابق لاہور میں فضائی معیار کی شرح 209 ریکارڈ کی گئی جبکہ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی 218 اے کیو آئی کیساتھ پہلے نمبر پر رہا۔
ادارہ تحفظِ ماحولیات پنجاب کے مطابق مشرقی سمت سے آنیوالی ہواؤں کے باعث شہر میں آلودگی کی شدت بڑھ رہی ہے محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا کی رفتار ایک سے 9 کلومیٹر فی گھنٹہ رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کی جبکہ بڑے شہروں میں فضائی آلودگی کے باعث صورتحال تشویشناک ہو گئی۔
موسمیاتی رپورٹ کے مطابق لاہور میں بارش کا کوئی امکان نہیں، موسم خشک اور قدرے گرد آلود رہے گا۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ کم سے کم 20 ڈگری رہنے کا امکان ہے۔ شہر میں 2 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 83 فیصد ریکارڈ کیا گیاکراچی میں بھی موسم خشک اور گرم رہے گا جبکہ درجہ حرارت میں مزید اضافے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے جبکہ موجودہ درجہ حرارت 23 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے۔ مشرقی سمت سے 8 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں اور ہوا میں نمی کا تناسب 80 فیصد ہے۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ شہر میں گرمی کی شدت بڑھ سکتی ہے جبکہ فضائی آلودگی بھی صحت کیلئے خطرہ بنتی جا رہی ہے ماہرین نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ ایسے موسمی حالات میں ماسک کا استعمال کریں اور غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کریں۔اسلام آباد میں بھی موسم خشک رہے گا اور درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ وفاقی دارالحکومت میں 9 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی جبکہ بارش کا کوئی امکان نہیں۔



