پاکستان 2025 میں دنیا کا سب سے زیادہ آلودہ ملک قرار

لندن()پاکستان 2025 میں دنیا کا سب سے زیادہ آلودہ ملک قرار دیا گیا ہے۔
سوئس کمپنی آئی کیو ائیر کی جانب سے سالانہ عالمی سروے پر مبنی رپورٹ جاری کی گئی ہے جس میں بتایا گیا کہ دنیا میں محض 13 ممالک ایسے ہیں جہاں کا فضائی معیار عالمی ادارہ صحت کے طے شدہ بین الاقوامی فضائی معیار کے مطابق ہے۔
رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں فضائی آلودگی کی صورتحال بدترین ہوتی جا رہی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ 2025 میں پاکستان کا فضائی معیار دنیا میں بدترین رہا جہاں پارٹیکولیٹ میٹرز یا پھیپھڑوں کو نقصان پہنچانے والے ننھے پی ایم 2.5 کی سطح عالمی معیار سے 13 گنا زیادہ رہی۔
عالمی ادارہ صحت کے مطابق فضا میں پی ایم 2.5 کی فی کیوبک میٹر مقدار زیادہ سے زیادہ 5 مائیکرو گرام ہونی چاہیے۔
بنگلا دیش اور تاجکستان اس فہرست میں دوسرے اور تیسرے نمبر پر آلودہ ترین ممالک قرار پائے۔
رپورٹ کے مطابق آسٹریلیا، آئس لینڈ اور ایسٹونیا ایسے ممالک تھے جو گاڑیوں، ٹرکوں اور صنعتی سرگرمیوں کے دوران خارج ہونے والے ننھے ذرات کو محدود رکھنے میں کامیاب رہے اور فضائی معیار کے لحاظ سے صاف ترین ممالک قرار پائے۔
اس رپورٹ کے لیے دنیا کے 9500 شہروں کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی اور دریافت ہوا کہ محض 14 فیصد شہر ایسے ہیں جہاں فضا میں پی ایم 2.5 کی سطح عالمی ادارہ صحت کے طے کردہ معیار کے مطابق ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ دنیا کے 25 آلودہ ترین شہر بھارت، پاکستان اور چین میں موجود ہیں۔
ورلڈ ایئرکوالٹی رپورٹ میں بھارت کا شہر لونی دنیا کا سب سے آلودہ شہر قرار دیا گیا جبکہ کا صاف ترین شہر جنوبی افریقی شہر Nieuwoudtville کو قرار دیا گیا۔
رپورٹ میں مزید بتایا کہ یورپ اورکینیڈا کے جنگلات میں لگنے والی آگ نے عالمی آلودگی کی شرح میں مزید اضافہ کیا۔
آئی کیو ائیر کے چیف ایگزیکٹو فرینک ہیمس نے کہا کہ مستقبل کی نسل کا انحصار فضائی معیار پر ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ فضائی آلودگی سے جسمانی مشقت کی صلاحیت گھٹ جاتی ہے جبکہ مختلف امراض کے پھیلاؤ سے طبی نظام پر بوجھ بڑھتا ہے۔



