امریکی مسافر طیارہ 36 ہزار فٹ کی بلندی پر پراسرار شے سے ٹکرا گیا،ہنگامی لنڈنگ،پائلٹ زخمی

نیویارک(jano.pk)یونائیٹڈ ایئرلائنز کی پرواز کو اُس وقت ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی جب 36 ہزار فٹ کی بلندی پر ایک پراسرار شے بوئنگ 737 کے شیشے سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں پائلٹ زخمی ہوگیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق، یونائیٹڈ فلائٹ 1093 جو ڈینور سے لاس اینجلس جا رہی تھی، کو واقعے کے بعد سالٹ لیک سٹی میں ہنگامی طور پر اتار لیا گیا۔سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی تصاویر میں پائلٹ کے بازوؤں پر زخم اور خون کے نشانات دیکھے جا سکتے ہیں، جو جہاز کی سکرین کے شیشے ٹونٹے کے باعث ہوئے۔
تصاویر میں کاک پٹ کے اندر شیشے کے ٹکڑے بکھرے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں، جبکہ ٹکر کے مقام پر جلنے کے نشانات بھی موجود ہیں۔ایوی ایشن ماہرین کے مطابق، یہ حادثہ کسی برقی خرابی کے باعث بھی ہوسکتا ہے، تاہم ٹوٹے شیشے اور جلنے کے نشانات اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ طیارہ کسی ٹھوس چیز سے ٹکرایا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ عام طور پر پرندے، اولے یا دیگر اشیاء نچلی پروازوں کے دوران طیاروں سے ٹکراتے ہیں، مگر یہ واقعہ 36 ہزار فٹ کی بلندی پر پیش آیا، جو انتہائی غیر معمولی ہے۔
فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (FAA) کے مطابق، 2023 کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ خلائی ملبہ کسی کمرشل پرواز کو نقصان پہنچانے کا امکان ایک کھرب میں ایک کے برابر ہے۔
یونائیٹڈ ایئرلائنز نے تصدیق کی کہ”جمعرات کو یونائیٹڈ فلائٹ 1093 نے ملٹی لئیر ونڈ شیلڈ کو نقصان پہنچنے کے باعث سالٹ لیک سٹی میں ہنگامی لینڈنگ کی۔ مسافروں کو بعد میں دوسرے طیارے کے ذریعے لاس اینجلس بھیج دیا گیا۔”
رپورٹس کے مطابق، بوئنگ 737 میکس 8 تاحال سالٹ لیک سٹی میں گراؤنڈ ہے جبکہ مینٹیننس ٹیم طیارے کی مرمت میں مصروف ہے۔



