فضائی سفر کے دوران طیارے میں آگ بھڑک اٹھی، مسافر محفوظ،ہنگامی لینڈنگ

ہانگژو (ویب ڈیسک) چین کی فضائی کمپنی ایئر چائنا کی ایک پرواز کو اس وقت ہنگامی طور پر شنگھائی اتارنا پڑا جب دورانِ پرواز ایک لیتھیم بیٹری میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

 تفصیلات کے مطابق ایئر چائنا کی فلائٹ CA139 ہفتے کے روز ہانگژو (Hangzhou) سے سیول (Seoul) جا رہی تھی کہ دورانِ پرواز ایک مسافر کے ہینڈ بیگ میں موجود لیتھیم بیٹری نے آگ پکڑ لی۔

 ایئر لائن کے بیان کے مطابق بیٹری مسافر کے سامان میں اوور ہیڈ بن میں رکھی گئی تھی اور اچانک اس میں آگ لگ گئی، مسافر طیارے کے کپتان اور کیبن کریو نے فوری طور پر حفاظتی اقدامات کرتے ہوئے آگ پر قابو پایا اور اسے مزید پھیلنے سے روک دیا۔

 ایئر لائن نے تصدیق کی کہ تمام مسافر محفوظ ہیں اور کسی کو کوئی نقصان نہیں پہنچا، پرواز کو شنگھائی پُڈونگ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر صبح 11 بجے کے قریب ہنگامی طور پر اتارا گیا۔

 سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اوور ہیڈ کمپارٹمنٹ سے آگ اور دھواں نکل رہا تھا جبکہ ایک مسافر بھی عملے کی مدد کرتا نظر آیا۔

 ایئر چائنا نے کہا ہے کہ واقعے کی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور کمپنی کے مطابق، مسافروں کی حفاظت ہمیشہ ان کی اولین ترجیح ہے۔

مزید خبریں

Back to top button