وفاقی وزیراحسن اقبال کی ڈھاکا میں لیجنڈری اداکارہ شبنم سے خصوصی ملاقات

ڈھاکا(جانوڈاٹ پی کے)بنگلادیش میں موجود وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے ماضی کی پاکستانی فلموں کی مقبول ہیروئن شبنم سے ڈھاکا میں خصوصی ملاقات کی۔
اس موقع پراحسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بنگلا دیش کے تعلقات کا مستقبل نئی نسل کی اُمیدوں، خوابوں اور اُمنگوں سے وابستہ ہے۔
لیجنڈری اداکارہ شبنم نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وفاقی وزیراحسن اقبال نے ملاقات کے لیے رابطہ کیا، میری طبیعت ناساز تھی،لیکن مجھے اچھا لگا کہ پاکستان سے اہم شخصیت مجھ سے ملنا چاہتی ہے، تو میں پاکستانی ایمبیسی چلی گئی۔
اداکارہ شبنم نے کہا کہ احسن اقبال سے بہت دلچسپ اور سنجیدہ بات ہوئی، انہوں نے مجھ سے کہا کہ میں نے آپ کی بہت فلمیں سینما گھروں میں دیکھی ہیں، بچپن سے آپ کا مداح ہُوں اور بچپن سے آپ کی فلمیں شوق سے دیکھتا ہوں۔
وفاقی وزیر نے شبنم کی اداکاری کی تعریف کی جس پر شبنم مسکرائیں اور احسن اقبال کا شکریہ ادا کیا۔
اداکارہ شبنم نے کراچی اور ڈھاکا کے فضائی راستے کھولنے پر وزیر اعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔



