امریکا میں افغان شہریوں کی دہشتگردی،ہوم لینڈ سکیورٹی نے فہرست جاری کردی

واشنگٹن(جانو ڈاٹ پی کے)امریکی ہوم لینڈ سیکیورٹی نے مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث افغان شہریوں کی تفصیلی فہرست جاری کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ بائیڈن انتظامیہ کی پالیسیوں کے باعث امریکا میں داخل ہونے والے متعدد افراد سنگین جرائم، دہشت گردی کی منصوبہ بندی اور تشدد کے واقعات میں ملوث پائے گئے۔

رپورٹ کے مطابق ہوم لینڈ سیکیورٹی نے واضح کیا کہ حکومت نے ہزاروں افغان شہریوں کو امریکا میں آباد ہونے کی اجازت دی، جن میں سے کچھ نے امریکی شہریوں کی جان و مال کو خطرے میں ڈالا۔ جاری کردہ فہرست میں ایسے افراد کے نام شامل ہیں جنہوں نے مختلف ریاستوں میں فائرنگ، دہشت گردی کی منصوبہ بندی یا جنسی جرائم کا ارتکاب کیا۔

محکمے کا کہنا ہے کہ جمال ولی نے ورجینیا میں دو پولیس افسران پر فائرنگ کر کے انہیں زخمی کیا، تاہم پولیس کی جوابی کارروائی میں وہ ہلاک ہوگیا۔ اسی طرح عبداللہ حاجی زادہ اور ناصراحمد توحیدی اوکلاہوما میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کرتے ہوئے گرفتار کیے گئے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ دونوں ملزمان 2024 کے الیکشن ڈے پر پکڑے گئے اور ان کے قبضے سے سیکڑوں گولیاں برآمد ہوئیں۔ دونوں افغان شہریوں نے داعش سے وفاداری کا اعتراف بھی کیا۔

مزید یہ کہ 2025 میں آئی سی ای نے جاوید احمدی کو سیکنڈ ڈگری اٹیک کے مقدمے میں مجرم قرار دیا۔ ہوم لینڈ سیکیورٹی نے بتایا کہ بہاراللہ نوری کو وسکونسن میں بچے سے جنسی زیادتی کے الزام میں گرفتار کیا گیا، جبکہ ذبیح اللہ مہمند کو مونٹانا میں اسی نوعیت کے سنگین جرم پر حراست میں لیا گیا۔

ہوم لینڈ سیکیورٹی کے مطابق یہ وہ افراد ہیں جنہیں بائیڈن انتظامیہ نے امریکا میں رہائش دی، تاہم ان کی مجرمانہ سرگرمیوں نے امریکی عوام کے لیے خطرات پیدا کیے۔ محکمے نے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے عناصر کو فوری طور پر ملک سے نکالا جائے تاکہ معاشرے کو محفوظ بنایا جا سکے۔

مزید خبریں

Back to top button