طالبان حکومت کے بعد افغانستان کی معیشت تباہ ہوگئی، اقوام متحدہ کی تشویشناک رپورٹ

نیو یارک(مانیٹرنگ ڈیسک)اقوام متحدہ نے افغانستان کی بگڑتی ہوئی معاشی اور سیکیورٹی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ افغان طالبان کے اقتدار کے بعد ملک کی معیشت تباہی کا شکار ہو چکی ہے اور افغانستان عالمی سطح پر معاشی اور سفارتی تنہائی میں چلا گیا ہے۔
اقوام متحدہ کی کاؤنٹر فنانسنگ ٹیررازم سے متعلق تازہ رپورٹ کے مطابق 2025 کے اوائل میں افغانستان کی مجموعی قومی پیداوار (GDP) میں 6.5 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ معاشی زوال کے باعث ملک میں بے روزگاری کی شرح 75 فیصد تک پہنچ چکی ہے جبکہ تین کروڑ سے زائد افراد شدید غربت کا شکار ہیں۔
رپورٹ کے مطابق افغانستان کئی برسوں سے عالمی بینکاری نظام سے باہر ہے، جس کے باعث بیرونی سرمایہ کاری، مالی امداد اور تجارتی سرگرمیاں شدید متاثر ہوئی ہیں۔
اقوام متحدہ نے واضح کیا ہے کہ انسانی حقوق کی پاسداری کے بغیر طالبان حکومت کو کسی قسم کی مالی یا قانونی حیثیت حاصل نہیں ہو سکتی۔



