افغانستان اور سری لنکا کی وائٹ بال کرکٹ سیریز مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باعث ملتوی

دبئی(جانوڈاٹ پی کے)مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باعث افغانستان اور سری لنکا کے درمیان شیڈولڈ وائٹ بال کرکٹ سیریز ملتوی کر دی گئی۔
رپورٹس کے مطابق افغانستان اور سری لنکا کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی اور تین ون ڈے میچوں پر مشتمل سیریز 13 سے 25 مارچ تک متحدہ عرب امارات میں کھیلی جانی تھی، تاہم خطے میں سکیورٹی صورتحال اور فضائی سفر میں رکاوٹوں کے باعث دونوں بورڈز سیریز کو مؤخر کرنے پر متفق ہو گئے۔
اطلاعات کے مطابق سیریز کا آغاز شارجہ میں تین ٹی ٹوئنٹی میچوں سے ہونا تھا جو 13، 15 اور 17 مارچ کو شیڈول تھے جبکہ اس کے بعد دبئی میں 20، 22 اور 25 مارچ کو تین ون ڈے میچ کھیلے جانے تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ افغانستان کرکٹ بورڈ اور سری لنکا کرکٹ نے تاحال باضابطہ اعلان نہیں کیا، تاہم دونوں بورڈز اس بات پر متفق ہیں کہ موجودہ حالات میں متحدہ عرب امارات میں سیریز کا انعقاد ممکن نہیں۔
رپورٹس کے مطابق متبادل مقام پر سیریز کرانے کی تجاویز زیر غور ہیں لیکن سفری اور انتظامی مسائل کے باعث سیریز کو کسی اور ملک منتقل کرنا بھی مشکل دکھائی دیتا ہے جس کے باعث اس کے غیر معینہ مدت تک ملتوی ہونے کا امکان ہے۔
یاد رہے کہ یہ سیریز افغانستان کی میزبانی میں یو اے ای میں ہونا تھی اور دونوں ٹیموں کے درمیان چھ وائٹ بال میچز (3 ٹی ٹوئنٹی اور 3 ون ڈے) کھیلے جانے تھے۔



