ایشیا ڈیولپمنٹ بینک کی پاکستان کیلئے 54 کروڑ ڈالر کی منظوری، سندھ کے ساحلی اور اصلاحاتی منصوبے مستفید ہونگے

نیویارک(جانوڈاٹ پی کے)ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کے لیے 54 کروڑ ڈالر کی منظوری دے دی۔
اے ڈی بی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 40 کروڑ ڈالر ریاستی ملکیتی اداروں میں اصلاحات کے لیے دیے جائیں گے
اعلامیے کے مطابق 14 کروڑ ڈالر سندھ کے ساحلی علاقوں کی بہتری کے منصوبوں کے لیے دیے جائیں گے۔ اس رقم سے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی تنظیم نو بھی کی جائے گی۔ امدادی منصوبے سے سندھ میں منصوبے سے 5 لاکھ سے زائد افراد مستفید ہوں گے۔
اس منصوبے سے ڈیڑھ لاکھ ہیکٹر زرعی زمین محفوظ بنائی جائے گی اور 22 ہزار ہیکٹر جنگلات کی بحالی، ماحولیاتی تحفظ اور خوراک کے تحفظ میں بہتری آئے گی۔
گرین کلائمیٹ فنڈ سے 4 کروڑ ڈالر کا اضافی تعاون بھی کیا جائے گا۔ سندھ میں شروع کیے جانے والے منصوبوں میں نکاسی آب، سیلاب سے بچاؤ، تمر کے جنگلات کی بحالی بھی شامل ہے۔
اعلامیے کے مطابق منصوبے سے سندھ کے ساحلی علاقوں میں بہتری لانے کی کوشش کی جائے گی۔



