12گیندوں پرففٹی،32گیندوں پرسنچری،ابھیشک شرما نے نیا ریکارڈ بنادیا

ممبئی(جانو ڈاٹ پی کے)بھارت کے جارح مزاج اوپنر ابھیشیک شرما نے ڈومیسٹک ٹورنامنٹ سید مشتاق علی ٹرافی میں12گیندوں پر نصف سنچری اور32پر سنچری بناکر مخالف ٹیم کے بولرز کا بھرکس نکال دیا۔
ابھیشیک شرما نے پنجاب کی نمائندگی کرتے ہوئے بنگال کیخلاف اپنی جارحانہ بیٹنگ سے ایک بار پھر سب کو متاثر کیا اور متعدد ریکارڈ اپنے نام کیے۔
بائیں ہاتھ کے بیٹر ابھیشیک شرما نے بنگال کے خلاف دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 12 گیندوں میں 50 رنز مکمل کیے،جو مینز20کرکٹ میں کسی بھارتی بیٹر کی مشترکہ طور پر دوسری تیز ترین ففٹی ہے25سالہ ابھیشیک شرما نے اپنی جارحانہ بیٹنگ کو جاری رکھا اور صرف32گیندوں میں اپنی8ویں ٹی ٹوئنٹی سنچری مکمل کی،جوٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی تاریخ میں مشترکہ طور پر چھٹی تیز ترین سنچری ہے۔ابھیشیک شرما نے بنگال کے خلاف 52گیندوں پر148رنز کی اننگز کھیلی جس میں16چھکے اور 8چوکے شامل تھے۔
دھواں دار اننگز کی بدولت پنجاب نے20اوورز میں5وکٹوں پر310کا پہاڑ جیسا اسکور کھڑا کیا،جو مشتاق علی ٹرافی کی تاریخ کا دوسرا سب سے بڑا اسکور ہے۔ہدف کے تعاقب میں بنگال کی ٹیم20اوورز میں9وکٹوں پر198رنز بناسکی۔



