مولانا عبدالغفور حیدری ایک بار پھر طبیعت خراب ہونے پر ہسپتال منتقل

کوئٹہ (جانوڈاٹ پی کے) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سینئر رہنما اور سابق سینیٹر عبد الغفور حیدری کو ایک بار پھر طبیعت خراب ہونے پر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق انہیں گزشتہ رات کوئٹہ میں دل کی تکلیف کے باعث اسپتال لایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ان کا فوری طبی معائنہ کیا اور علاج شروع کر دیا۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ عبد الغفور حیدری کو دل کے عارضے کے باعث اسپتال داخل کرنا پڑا ہو۔ اس سے قبل فروری میں بھی انہیں اسی نوعیت کی شکایت پر اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں انہیں دل کا دورہ پڑنے کے بعد طبی امداد فراہم کی گئی تھی۔
عبد الغفور حیدری جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مرکزی سیکرٹری جنرل ہیں اور پاکستان کی سیاست میں طویل تجربہ رکھتے ہیں۔ وہ ماضی میں سینیٹ کے ڈپٹی چیئرمین بھی رہ چکے ہیں اور مختلف اہم سیاسی و مذہبی تحریکوں میں فعال کردار ادا کرتے رہے ہیں۔
ڈاکٹروں کے مطابق ان کی حالت پر مسلسل نگرانی جاری ہے، تاہم فی الحال مزید تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں۔



