مشہور ایرانی فلم ساز کا گھر بھی بمباری کی زد میں آگیا،عالمی سطح پر تشویش

تہران(جانوڈاٹ پی کے)ایران میں جاری فضائی حملوں کے دوران معروف فلم ساز عباس کیارستمی کا گھر بھی نشانہ بننے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جس پر عالمی سطح پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق اسرائیل اور امریکا کی جانب سے ہونے والی بمباری میں ایران کے مختلف ثقافتی اور تاریخی مقامات کو نقصان پہنچا ہے، جن میں اصفہان کا مشہور چہل ستون محل اور گلستان محل بھی شامل ہیں۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ اب تک تقریباً 80 ثقافتی مقامات اس کارروائی سے متاثر ہو چکے ہیں۔
عباس کیارستمی، جو 2016 میں انتقال کرگئے تھے، ایران کے صفِ اول کے ہدایت کاروں میں شمار ہوتے تھے۔ ان کی فلم ٹیسٹ آف چیری کو عالمی سطح پر پذیرائی ملی اور اسے فرانس کے ممتاز فلمی اعزاز پام دُور سے بھی نوازا گیا تھا۔
ادھر ایران میں جاری اس تنازع کو ایک ماہ مکمل ہو چکا ہے، جس کے دوران مختلف شہروں میں رہائشی علاقوں کو بھی نشانہ بنائے جانے کی اطلاعات ہیں۔ ایرانی مؤقف کے مطابق ان حملوں میں بڑی تعداد میں شہری ہلاکتیں بھی ہوئیں، جبکہ تعلیمی ادارے اور دیگر شہری تنصیبات بھی متاثر ہوئیں۔
اس صورتحال کے باعث نہ صرف انسانی جانوں کا نقصان ہو رہا ہے بلکہ ایران کے ثقافتی ورثے کو بھی شدید خطرات لاحق ہو گئے ہیں، جس پر عالمی برادری کی جانب سے تشویش بڑھتی جا رہی ہے۔



