پاکستان کی حکومت اور عوام کا بھرپور حمایت پر تہہِ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں، ایرانی وزیر خارجہ

تہران(ویب ڈیسک) ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے کہا ہے کہ پاکستان کی حکومت اور عوام کا بیرونی جارحیت کے خلاف بھرپور حمایت پر تہہِ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔
سید عباس عراقچی نے ایکس پر لکھا ہے کہ ان بابرکت، الٰہی اور روحانی دنوں اور گھڑیوں میں، میں حکومت اور عوامِ پاکستان کا تہہِ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے امریکہ اور صہیونی رجیم کی جارحیت کے مقابلے میں عوام اور حکومتِ اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ اپنی یکجہتی اور حمایت کا بھرپور اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اللہ تعالیٰ پر کامل توکل کے ساتھ اپنی حاکمیت اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے ثابت قدمی اور استقامت کے ساتھ کھڑا ہے۔
قبل ازیں عباس عراقچی نے ٹرمپ کا دعویٰ رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران نے کسی سے مذاکرات کے لیے رابطہ نہیں کیا، ایران سعودی عرب پر حملوں میں ملوث نہیں، امریکا کے لوکس ڈرون ایرانی ڈرون شاہد کی نقل ہیں، وہی عرب ممالک کو نشانہ بنا رہے ہیں، امریکا نے ایرانی دعوے کی تردید کی ہے۔



