امریکہ کی زمینی فوج کا کوئی خوف نہیں بلکہ ہم ان کا انتظار کر رہے ہیں،آذربائیجان کی طرف کوئی میزائل فائر نہیں کیا: ایرانی وزیرخارجہ

تہران(جانوڈاٹ پی کے)ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ہم امریکہ کی زمینی فوج کے حملے کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہیں ، یہ امریکہ کیلئے بہت تباہ کن ہوگا، ہم نے کسی سے جنگ بندی کا مطالبہ نہیں کیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ کا کہناتھا کہ ہمیں امریکہ کی زمینی فوج کا کوئی خوف نہیں بلکہ ہم ان کا انتظار کر رہے ہیں، ہم پرُ اعتماد ہیں کہ ہم ان کا مقابلہ کر سکتے ہیں ، یہ امریکہ کیلئے بہت تباہ کن ہو گا ، امریکا کے ساتھ کسی بھی قسم کے مذاکرات کو مسترد کرتے ہیں،گزشتہ ہفتے سے اسٹیو وِٹکوف یا جیرڈکشنر سے کوئی رابطہ نہیں ہوا۔
دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ نے آذربائیجان کے ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور یقین دہانی کروائی کہ ایران کی جانب سے آذربائیجان کی طرف کوئی میزائل فائر نہیں کیا گیاہے ، آذربائیجان پر حملے سے متعلق تحقیقات کر رہے ہیں ۔
ایرانی قومی سلامتی کے مشیر علی لاریجانی نے بیان دیتے ہوئے کہا کہ امریکا چند ہزار فوجی لے کر ایران میں داخل ہونے کا ارادہ رکھتا ہے،آپ ایران آئیں ،ہمارے بہادر فرزند آپ کا انتظار کر رہے ہیں،ہماری جانباز امریکی حکام کو قیدی اور نشانہ بنانے کیلئے تیار ہیں،ایرانی سرزمین ایسے لوگوں کے لیے نہیں جو یہاں تباہی مچانا چاہتے ہیں۔



