منصفانہ معاہدہ ہوا تو جوہری ڈیل ممکن، خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا،ایرانی وزیر خارجہ

تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ اگر ایران کے ساتھ منصفانہ اور باوقار معاہدہ طے پایا تو جوہری پروگرام سے متعلق ڈیل ممکن ہے، تاہم قومی خودمختاری اور وقار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (X) پر جاری بیان میں عباس عراقچی نے کہا کہ انقلاب کے بعد گزرنے والی دہائیوں اور بالخصوص گزشتہ 12 ماہ کے دوران ایران کو غیرمعمولی چیلنجز کا سامنا رہا، مگر اس کے باوجود اسلامی جمہوریہ ایران ثابت قدم رہا۔
ایرانی وزیر خارجہ کے مطابق ایران کو گزشتہ ایک سال کے دوران دو جوہری صلاحیت رکھنے والی ریاستوں کی جانب سے شدید دباؤ اور ایک بڑے دہشت گرد حملے کا سامنا کرنا پڑا، تاہم ملک نے ان تمام مشکلات کے باوجود اپنے مؤقف اور استحکام کو برقرار رکھا۔
عباس عراقچی نے کہا کہ ایران کی اصل طاقت اس کے عوام ہیں، نہ کہ بیرونی سہارے یا طاقتیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران جنگ کے بجائے سفارت کاری پر یقین رکھتا ہے اور امید ہے کہ آنے والا سال خطے کے لیے امن اور سکون کا پیغام لے کر آئے گا۔
انہوں نے دوٹوک انداز میں واضح کیا کہ ایران اپنی خودمختاری اور قومی دفاع سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹے گا، چاہے اس کی کوئی بھی قیمت کیوں نہ ادا کرنی پڑے۔ ان کے مطابق آج لاکھوں ایرانیوں نے ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ملک کے حقوق، وقار اور آزادی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔



