ملازمین ہمارا اثاثہ ہیں، پی آئی اے کے طیاروں کی تعداد بڑھا کر 65 تک لے کر جائیں گے: عارف حبیب

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)معروف کاروباری شخصیت عارف حبیب نے پی آئی اے کو حاصل کرنے کے بعد پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ پی آئی اے کی بولی سے پاکستانی معیشت کو فائدہ ہوگا، بیرونی سرمایہ کار پاکستان کی طرف راغب ہوں گے۔
عارف حبیب نے سماء سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میراخیال ہے کہ آج پاکستان کی جیت ہوئی ہے، الحمد اللہ اس سے ملک میں سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا، پی آئی اے ہمارا قومی ادارہ ہے،الحمد اللہ پی آئی اے نے اچھے دن دیکھے ہیں، پی آئی اے دنیا میں دوسری بہترین ائیر لائن رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کے ملازمین بہت قابل ہیں، پی آئی اے کے پاس 18 طیارے ہیں،14آپریشنل ہیں، پہلے مرحلے میں پی آئی اے کے طیاروں کی تعداد 38 کریں گے، دوسرے مرحلے میں پی آئی اے کے طیاروں کی تعداد 65 کریں گے۔
عارف حبیب کا کہناتھا کہ بعدمیں طلب کے مطابق پی آئی اے کے طیاروں کی تعداد بڑھائیں گے، ایئر لائن کے عملے کو اعتماد دیں گے،ان کی مہارت کا فائدہ اٹھائیں گے، پی آئی اے کے تجربہ کار اور ماہرین کی خدمات جاری رکھیں گے۔ فوجی فرٹیلائزرز گروپ کے ہمارے ساتھ شامل ہونے کے امکانات ہیں۔
ان کا کہناتھا کہ پہلے مرحلے میں پی آئی اے میں 125 ارب روپے کی سرمایہ کاری کریں گے، ڈیمانڈ کے مطابق سرمایہ کاری میں مزید اضافہ کیا جائے گا، پی آئی اے کے باقی 25 فیصد شیئرز کے حصول کیلئے سوچ کر فیصلہ کریں گے، اس مقصد کیلئے ہمارے پاس 90 دن کا وقت ہے۔
عارف حبیب نے کہا کہ مزید 25 فیصد شیئرز کے حصول کا آپشن استعمال کر سکتے ہیں، ہمارا ابتدائی طور پر 100 فیصد شیئرز کے حصول کا ہی پلان تھا۔



