یپر لیک سنگین مسئلہ ہے، سلمان خان نے بھی طلبہ کی حمایت کا اعلان کردیا

ممبئی(جانوڈاٹ پی کے)بالی ووڈ کے اداکار سلمان خان نے امتحانی پرچوں کے لیک ہونے کے خلاف طلبہ کی احتجاجی تحریک کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں افسوس ہے کہ ایک پُرامن تحریک نے پُرتشدد رُخ اختیار کر لیا۔

سلمان خان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ ان کا دل ان طلبہ اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہے جو احتجاج کے دوران زخمی ہوئے۔  پیپر لیک ایک انتہائی سنگین مسئلہ ہے اور یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ ملک کے طلبہ بہتر تعلیمی نظام کے لیے متحد ہوئے جبکہ ان کے والدین نے بھی ان کا ساتھ دیا۔

بالی ووڈ اداکار نے طلبہ کے عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ نوجوان محنت کرکے اپنا مستقبل اور ایک تعلیم یافتہ بھارت بنانا چاہتے ہیں۔ طلبہ کا یہ احتجاج پُرامن تھا اور انہوں نے نہایت ہمت اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، یہی نسل مستقبل میں بھارت کا نام روشن کرے گی۔

سلمان خان نے کہا کہ یہ معاملہ طلبہ اور تعلیمی نظام کے درمیان ہے، اس لیے اسے سیاسی رنگ نہیں دیا جانا چاہیے۔ اس تحریک کا اصل کریڈٹ صرف طلبہ کو جانا چاہیے، مجھے مثبت فیصلے کی امید ہے اور دعا ہے کہ تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند تمام طلبہ کامیاب ہوں۔

اداکار نے مزید کہا کہ ہمارے ملک تعلیم حاصل کرنے کا رجحان اور فیشن ہونا چاہیے، اتنا رجحان بڑھے کہ باہر سے لوگ بھارت میں تعلیم حاصل کرنے کیلئے آئیں۔

مزید خبریں

Back to top button