حکومت ڈیلرزکا منافع کسی صورت 8 فیصد نہیں کرے گی،ذرائع پیٹرولیم ڈویژن

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)ذرائع پیٹرولیم ڈویژن کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت ڈیلرزکا منافع کسی صورت 8 فیصد نہیں کرے گی۔
ذرائع نے بتایا کہ یومیہ قیمتوں کا تعین پیٹرولیم سپلائی چین میں شفافیت لائے گا، پیٹرول پمپس اونرز ایسوسی ایشن کو مذاکرات کے لیے دوبارہ بلا لیا گیا، حکومت اور پیٹرول پمپس مالکان کے درمیان مذاکرات تعطل کے بعد دوبارہ شروع ہوئے۔
اس ملاقات میں چیئرمین پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایسن ہمایوں خان اور وائس چیئرمین عاطف بٹ بھی شریک تھے۔
بعدازاں حکومت کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن اور ڈیلرز ایسوشی ایشن نے ہڑتال موخر کرنے کا اعلان کردیا۔
وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ آل پاکستان پیٹرول پمپس اونرز ایسوسی ایشن اور دیگر ڈیلرز ایسوسی ایشنز کا مشکور ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ 28 فروری سے جو خطے کی صورتحال ہے اس سے ہم سب پریشان ہیں، وزیراعظم عوام کی مشکلات سے آگاہ ہیں، خطے میں ایک بار پھر جنگ کے بادل منڈلا رہے ہیں۔
علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ اب تک کئی سو ارب روپے کی سبسڈی دے چکے ہیں، بھرپور ٹارگٹڈ سبسڈی کا نظام وضع کیا ہے، آئل ریفائنریز اور پیٹرولیم تنظیموں نے بےپناہ مدد کی۔
وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ پیٹرولیم ڈیلرز مارجن کا معاملہ مشاورت سے کریں گے، مارجن کے حوالے سے سمری کابینہ کے پاس لے کر جائیں گے، یومیہ قیمتوں پر دو ہفتوں کے بعد پیٹرولیم تنظیموں کے ساتھ دوبارہ جائزہ لیں گے، ہم اکٹھے مل کر آگے چلیں گے۔



