دنیا کے سب سے مشہور یوٹیوبر مسٹر بیسٹ نے دیرینہ دوست تھیا بوئسن سے شادی کر لی

برٹش ورجن آئی لینڈز(ویب ڈیسک) دنیا کے سب سے زیادہ سبسکرائبرز رکھنے والے یوٹیوبر مسٹر بیسٹ (جمی ڈونلڈسن) نے اپنی دیرینہ دوست تھییا بوئسن سے شادی کر لی۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر شادی کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے اس خوشخبری کا اعلان کیا۔
جمی ڈونلڈسن نے تصاویر کے ساتھ لکھا، "میں نے مسز بیسٹ کو ڈھونڈ لیا، اور یہ میری زندگی کا سب سے بہترین دن تھا۔” تصاویر میں نوبیاہتا جوڑے کو سمندر کے کنارے خوشگوار انداز میں دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ اعلان کے بعد دنیا بھر سے مداحوں کی جانب سے مبارکبادوں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔
شادی کی تقریب جولائی میں برٹش ورجن آئی لینڈز میں واقع رچرڈ برینسن کے نجی جزیرے نیکر آئی لینڈ پر منعقد ہوئی، جس میں صرف تقریباً 70 قریبی رشتہ داروں اور دوستوں نے شرکت کی۔
مہمانوں کے لیے تقریب سے قبل مختلف تفریحی سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا گیا، جن میں کائٹ سرفنگ، سنورکلنگ، بورڈ گیمز اور دیگر کھیل شامل تھے۔
شادی کے موقع پر تھییا بوئسن نے معروف ڈیزائنر نیکول اینڈ فیلیشیا کوچر کا تیار کردہ عروسی لباس زیب تن کیا، جبکہ مسٹر بیسٹ نے رالف لارین کا ٹکسڈو پہنا۔
شادی کے بعد تھییا بوئسن نے کہا کہ اگرچہ یہ ایک رسمی مرحلہ ہے، لیکن شروع ہی سے دونوں کا مقصد ایک دوسرے سے شادی کرنا تھا، اور اب صرف دنیا بھی اس رشتے سے آگاہ ہو گئی ہے۔
جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والی تھییا بوئسن خود بھی معروف گیمنگ کانٹینٹ کریئیٹر ہیں۔ وہ نفسیات اور قانون کی تعلیم حاصل کر چکی ہیں اور ایک کتاب کی مصنفہ بھی ہیں۔
دونوں کی پہلی ملاقات 2022 میں جنوبی افریقہ میں ہوئی، جبکہ دسمبر 2024 میں کرسمس کے موقع پر خاندانی تقریب کے دوران مسٹر بیسٹ نے انہیں شادی کی پیشکش کی تھی۔
مسٹر بیسٹ اپنی منفرد چیلنج ویڈیوز، فلاحی سرگرمیوں اور کروڑوں ڈالر کے انعامات دینے کی وجہ سے دنیا بھر میں بے حد مقبول ہیں، اور ان کی شادی کی خبر پر مداحوں اور معروف کانٹینٹ کریئیٹرز نے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔



