پنجاب سے غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کے انخلا کا عمل جاری، 36 ہزار سے زائد افراد ڈی پورٹ

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) پنجاب بھر میں غیر قانونی مقیم غیر ملکی باشندوں کے انخلا کی کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ پنجاب پولیس کے مطابق اب تک 36 ہزار 545 افراد کو ڈی پورٹ کیا جا چکا ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ڈی پورٹ کیے جانے والوں میں لاہور سمیت پنجاب بھر سے 36,545 افغانیوں سمیت دیگر غیر قانونی مقیم غیر ملکی شامل ہیں، جبکہ 504 افراد اس وقت مختلف ہولڈنگ پوائنٹس پر موجود ہیں۔
پولیس کے اعداد و شمار کے مطابق ڈی پورٹ کیے گئے افراد میں 14,614 مرد، 7,234 خواتین اور 14,697 بچے شامل ہیں۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ ان افراد میں 11,124 رہائشی ثبوت رکھنے والے، 11,137 افغان سٹیزن کارڈ (ACC) ہولڈرز اور 14,284 غیر قانونی مقیم غیر ملکی شامل ہیں۔
آئی جی پنجاب عبدالکریم کا کہنا ہے کہ صوبے بھر میں سکیورٹی کو ہائی الرٹ رکھا گیا ہے تاکہ غیر قانونی مقیم افراد کے انخلا کے عمل کو مؤثر انداز میں مکمل کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کی واپسی سے متعلق حکومتی پالیسی پر عمل کر رہی ہے اور کارروائیاں متعلقہ قوانین اور بین الاقوامی ضوابط کو مدنظر رکھتے ہوئے انجام دی جا رہی ہیں۔



