پنجاب میں مون سون الرٹ، سیف سٹیز اتھارٹی ہائی الرٹ پر، 43 اضلاع کی 24 گھنٹے نگرانی شروع

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) پنجاب میں مون سون بارشوں کے پیش نظر پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے صوبہ بھر میں خصوصی مانیٹرنگ کا آغاز کر دیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر بارشوں اور ممکنہ ہنگامی صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔

ترجمان پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے 43 سمارٹ سیف سٹی سینٹرز سے مون سون بارشوں، اربن فلڈنگ اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کی صورتحال پر 24 گھنٹے نظر رکھی جا رہی ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ جدید کیمروں اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) ٹیکنالوجی کے ذریعے نشیبی علاقوں، ہاٹ سپاٹس اور چوکنگ پوائنٹس کی نشاندہی کی جا رہی ہے، جبکہ سمارٹ سیف سٹی سینٹرز ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو ریئل ٹائم الرٹس بھی فراہم کر رہے ہیں۔

پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے مطابق شہریوں کی مدد کے لیے ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 اور ایمرجنسی ریسپانس ٹیمیں مکمل طور پر فعال ہیں۔

ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں، بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں فوری طور پر ہیلپ لائن 15 پر رابطہ کریں۔

مزید خبریں

Back to top button