گندم بحران سنگین ہونے لگا، تین صوبوں نے وفاق سے ذخائر مانگ لیے

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) ملک میں رواں سال گندم کی صورتحال مزید پیچیدہ ہوتی جا رہی ہے، جہاں پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا نے اپنی ضروریات پوری کرنے کے لیے وفاق سے گندم فراہم کرنے کی درخواست کر دی ہے، جبکہ محدود وفاقی ذخائر کے باعث گندم درآمد کرنے کے امکانات بھی بڑھ گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق پنجاب نے وفاقی ذخائر سے 10 لاکھ ٹن گندم فراہم کرنے کی درخواست کی ہے، جبکہ سندھ نے پاسکو کے گوداموں سے 2 لاکھ 20 ہزار ٹن گندم مانگی ہے۔

اسی طرح خیبر پختونخوا نے سرکاری ضروریات کے لیے ایک لاکھ ٹن گندم کی فراہمی کی درخواست دی ہے، جبکہ نجی شعبے کی ضروریات پوری کرنے کے لیے مزید 7 لاکھ ٹن گندم فراہم کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق سندھ نے پنجاب سے گندم کی بین الصوبائی نقل و حرکت آسان بنانے کی درخواست بھی کی، تاہم پنجاب نے اپنی داخلی ضروریات کا حوالہ دیتے ہوئے یہ مطالبہ مسترد کر دیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک میں تقریباً 2 کروڑ 98 لاکھ ٹن گندم کی پیداوار کے باوجود طلب اور رسد کے درمیان بڑھتے ہوئے فرق کے باعث گندم کی دستیابی ایک بڑا چیلنج بنتی جا رہی ہے۔

حکام کے مطابق اگر صورتحال میں بہتری نہ آئی تو وفاقی حکومت کو ملکی ضروریات پوری کرنے کے لیے گندم درآمد کرنے کا فیصلہ کرنا پڑ سکتا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button