مرکزی انجمن تاجران مظفرآباد کا ہڑتال سے لاتعلقی کا اعلان، 22 جولائی کو تمام بازار کھلے رہیں گے

مظفرآباد(جانوڈاٹ پی کے) مرکزی انجمن تاجران مظفرآباد نے 22 جولائی کو دی گئی ہڑتال اور لاک ڈاؤن کی کال سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ شہر بھر میں تمام مارکیٹیں اور دکانیں معمول کے مطابق کھلی رہیں گی۔

انجمن تاجران کے عہدیداروں نے کہا کہ مرکزی انجمن تاجران نے مذکورہ ہڑتال کی کال سے خود کو مکمل طور پر الگ کر لیا ہے اور تمام تاجروں سے اپیل کی ہے کہ وہ معمول کے مطابق اپنی کاروباری سرگرمیاں جاری رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ قائم مقام چیئرمین مرکزی انجمن تاجران مظفرآباد گوہر کشمیری ہی تاجروں کے متفقہ رہنما ہیں، اور انجمن کے فیصلے کے مطابق 22 جولائی کو مظفرآباد کی تمام مارکیٹیں اور کاروباری مراکز کھلے رہیں گے۔

انجمن تاجران کا کہنا تھا کہ تاجروں کی جانب سے ہڑتال یا کاروباری سرگرمیوں کی بندش کی کال دینے کا اختیار صرف مرکزی انجمن تاجران مظفرآباد کو حاصل ہے، اس لیے غیر متعلقہ اعلانات پر توجہ نہ دی جائے۔

مرکزی انجمن تاجران کے رہنما علی عباس نے کہا کہ شہر میں کاروباری سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری ہیں اور مجموعی صورتحال میں نمایاں بہتری آ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری اپنے متفقہ قائد گوہر کشمیری کے فیصلوں پر عمل کرے گی۔

دوسری جانب بعض تجزیہ کاروں کے مطابق انجمن تاجران کا یہ اعلان مظفرآباد میں کاروباری سرگرمیوں کے تسلسل اور پرامن ماحول کو برقرار رکھنے کی ایک مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button