ایم ڈی کیٹ 2026: آزاد کشمیر کے امیدواروں کے لیے خصوصی ہدایت جاری

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے ایم ڈی کیٹ 2026 کے حوالے سے آزاد جموں و کشمیر (آزاد کشمیر) کے امیدواروں کے لیے خصوصی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
پی ایم ڈی سی کے مطابق وہ امیدوار جو کسی وجہ سے آن لائن رجسٹریشن نہیں کر سکے، انہیں ہارڈ کاپی کے ذریعے درخواست جمع کرانے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
کونسل نے ہدایت کی ہے کہ امیدوار اپنی درخواست کے ساتھ 13 ہزار روپے کا بینک ڈرافٹ بھی جمع کرائیں تاکہ ان کی درخواست پر کارروائی کی جا سکے۔
پی ایم ڈی سی کے مطابق آزاد جموں و کشمیر کے امیدوار 23 جولائی تک اپنی درخواستیں پی ایم ڈی سی، اسلام آباد میں جمع کرا سکتے ہیں۔ مقررہ تاریخ کے بعد موصول ہونے والی درخواستوں پر غور نہیں کیا جائے گا۔
امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ درخواست جمع کراتے وقت تمام مطلوبہ دستاویزات مکمل کریں تاکہ رجسٹریشن کے عمل میں کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔



