آزاد کشمیر انتخابات: سرکاری ملازمین کی پولنگ پرامن انداز میں مکمل، 24 ہزار سے زائد ووٹ کاسٹ

مظفرآباد(جانوڈاٹ پی کے) آزاد جموں و کشمیر میں عام انتخابات کے سلسلے میں سرکاری ملازمین کے لیے پولنگ کا مرحلہ کامیابی سے مکمل ہو گیا، جہاں تینوں ڈویژنز کے آٹھ اضلاع میں مجموعی طور پر 24 ہزار 40 سرکاری ملازمین نے اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا۔
الیکشن حکام کے مطابق سرکاری ملازمین کے لیے پولنگ 20 جولائی کو صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک پرامن ماحول میں جاری رہی۔ پولنگ کا عمل مجموعی طور پر منظم، شفاف اور ضابطہ کار کے مطابق مکمل کیا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق راولاکوٹ ڈویژن کے دو اضلاع کی چار قانون ساز اسمبلی نشستوں پر 4 ہزار 278 ووٹ کاسٹ کیے گئے، جبکہ میرپور ڈویژن کے تین اضلاع کی 13 نشستوں پر 12 ہزار 41 سرکاری ملازمین نے ووٹ ڈالے۔
اسی طرح مظفرآباد ڈویژن کے تین اضلاع کی 9 قانون ساز اسمبلی نشستوں پر 7 ہزار 721 ووٹ کاسٹ کیے گئے، جس کے ساتھ سرکاری ملازمین کے لیے پولنگ کا مرحلہ مکمل ہو گیا۔
پولنگ کے اختتام پر سیل شدہ بیلٹ باکسز اور دیگر انتخابی سامان مقررہ ضابطہ کار کے تحت متعلقہ ریٹرننگ افسران کے حوالے کر دیا گیا۔ ان ووٹوں کی گنتی اور سرکاری نتائج کا اعلان عام انتخابات کے روز دیگر ووٹوں کے ساتھ کیا جائے گا۔
پولنگ کے دوران مختلف حلقوں میں سیاسی جماعتوں نے انتخابی کیمپ بھی قائم کیے، جہاں کارکنان سرکاری ملازمین کی رہنمائی اور معاونت کرتے رہے۔
انتخابی امور کے ماہرین کے مطابق سرکاری ملازمین کے لیے پولنگ کا پرامن اور منظم انعقاد آزاد جموں و کشمیر میں شفاف انتخابات کے انعقاد کی جانب ایک مثبت پیش رفت ہے، جبکہ بڑی تعداد میں ووٹنگ جمہوری عمل پر اعتماد کا اظہار بھی ہے۔



