نواز شریف اور مریم نواز آج مظفرآباد میں انتخابی مہم کا آغاز کریں گے، (ن) لیگ کی تیاریاں مکمل

مظفرآباد(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان مسلم لیگ (ن) نے آزاد جموں و کشمیر میں اپنی انتخابی مہم کے باضابطہ آغاز کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں، جبکہ پارٹی قائد محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی مظفرآباد آمد کے سلسلے میں سکیورٹی، انتظامی اور استقبالیہ انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

مظفرآباد میں ہونے والے مرکزی جلسے کے لیے اسٹیج اور پنڈال مکمل طور پر تیار کر لیا گیا ہے، جہاں مسلم لیگ (ن) کی قیادت کارکنوں سے خطاب کرے گی اور انتخابی مہم کا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا۔

اس موقع پر وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ خان، وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر انجینئر امیر مقام اور پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے جلسہ گاہ کا دورہ کیا اور انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

پارٹی رہنماؤں نے پنڈال کے مختلف حصوں کا معائنہ کرتے ہوئے منتظمین سے سکیورٹی، عوامی سہولیات اور دیگر انتظامات کے حوالے سے بریفنگ بھی حاصل کی۔

دوسری جانب پارٹی قیادت کی آمد پر کارکنوں نے بھرپور جوش و خروش کا اظہار کیا، جبکہ مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے جلسے کو کامیاب بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر میں انتخابی مہم بھرپور انداز میں چلائی جائے گی۔

مزید خبریں

Back to top button