انیل کپور نے مجھے فلموں میں کام کرنے کیلئےراضی کیا تھا،دیا مرزا

ممبئی(جانوڈاٹ پی کے)اس سال اداکارہ دیا مرزا فلمی دنیا میں اپنے 25 سال مکمل کر رہی ہیں، وہ یہ سنگِ میل اپنے کیریئر کے مصروف ترین دور کے ساتھ منا رہی ہیں۔
حال ہی میں اداکار سنی دیول اور اکشے کھنہ کے ساتھ ان کی فلم ’اکا‘ ریلیز ہوئی ہے، اس کے علاوہ عالیہ بھٹ اور شرواری کی فلم ’الفا‘ میں اداکار انیل کپور کے مدمقابل ان کا ایک کیمیو (مختصر کردار) بھی ہے۔
44 سالہ اداکارہ نے انکشاف کیا کہ انیل کپور ہی وہ شخص تھے جنہوں نے مجھے فلموں کا حصہ بننے کے لیے راضی کیا۔
انہوں نے بات آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ انیل کپور مجھ سے میرے ایشیا پیسیفک مقابلہ حسن کے فوری بعد ملے تھے۔ وہ اور انوپم کھیر اس بات کے بہت زیادہ خواہشمند تھے کہ میں اس فلم میں کام کروں جس پر وہ کام کر رہے تھے، اور وہ دونوں ہی تھے جنہوں نے مجھے میری پہلی فلم دلانے میں مدد کی۔
فلم ‘الفا’ میں انیل کپور کے ساتھ اسکرین شیئر کرنے کو ایک خوبصورت لمحہ قرار دیتے ہوئے دیا مرزا نے بتایا کہ حیدرآباد کے ایک ہوٹل کی لابی میں پہلی بار ان سے ملنے کے 25 سال بعد ان کے ساتھ کسی فلم میں کام کرنا ایک خوبصورت اور یادگار لمحہ محسوس ہوا۔
مجھے یاد ہے انہوں نے مجھ سے کہا تھا کہ تم بہت خوبصورت ہو، تم میں بہت وقار ہے، تم اسکرین پر بہت اچھی لگو گی، تمہیں ایک اداکار بننا چاہیے۔
دیا نے ’اکا‘ میں اپنے ساتھی اداکاروں سنی اور اکشے کی بھی تعریف کی اور جہاں انہوں نے سنی دیول کی ’بے مثال شرافت‘ کو سراہا، وہیں انہوں نے اس ادھورے موقع کے بارے میں بھی بات کی جو ماضی میں اکشے کھنہ کے ساتھ حقیقت کا روپ نہ دھار سکا۔
انہوں نے بتایا کہ میں نے ان کے والد (ونود کھنہ) کے ساتھ کچھ فلمیں کی ہیں اور ہمارا ایک بہت خاص رشتہ تھا اور میں راہول کھنہ (اکشے کے بھائی) کو بھی جانتی ہوں۔ میں نے دراصل اکشے سے ایک ایسی فلم میں کام کرنے کے لیے رابطہ کیا تھا جس کی میں پروڈکشن کر رہی تھی لیکن وہ بات بن نہیں سکی۔



