آبنائے ہرمز پر ٹیکس وصولی کا اختیار نہیں، امریکا عالمی قانون کا پابند ہے، مارک ویلر

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) بین الاقوامی قانون کے ماہر مارک ویلر نے کہا ہے کہ امریکا کو آبنائے ہرمز سے بحری جہازوں کی محفوظ گزرگاہ کے بدلے کسی قسم کی فیس یا ٹیکس عائد کرنے کا قانونی اختیار حاصل نہیں۔
چیتھم ہاؤس کے انٹرنیشنل لا پروگرام کے سربراہ مارک ویلر نے کہا کہ امریکا خود کو دنیا کا محافظ مقرر نہیں کر سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر تمام بحری جہازوں سے کارگو کی مالیت کا 20 فیصد ٹیکس لینے کی تجویز دی جا رہی ہے تو یہ شرح غیر معمولی حد تک زیادہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی قانون تمام ممالک پر یکساں لاگو ہوتا ہے، اور کوئی بھی ریاست، حتیٰ کہ وہ ملک بھی جس کی علاقائی سمندری حدود میں کوئی بین الاقوامی بحری راستہ موجود ہو، جہازوں کی آمدورفت روکنے یا ان سے ٹول وصول کرنے کا حق نہیں رکھتی۔
مارک ویلر کے مطابق امریکی بحریہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان سے پیچھے ہٹتی دکھائی دے رہی ہے، جبکہ یہ بھی واضح نہیں کہ امریکا آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کے لیے مکمل محفوظ گزرگاہ یقینی بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے یا نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں بھی ایسے مواقع پر میزائل حملے ہو چکے ہیں جب امریکا متبادل بحری راستوں کے ذریعے جہازوں کے تحفظ کی کوشش کر رہا تھا۔



