اسٹیٹ بینک نے ساڑھے چار سال بعد ‘سوہنی دھرتی ریمیٹنس اسکیم’ ختم کر دی

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ساڑھے چار سال بعد سوہنی دھرتی ریمیٹنس اسکیم ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے لیے بینکوں اور ایکسچینج کمپنیوں کو باقاعدہ سرکلر بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین ملک بوستان کے مطابق یہ اسکیم عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے دباؤ پر ختم کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس فیصلے سے بیرونِ ملک مقیم لاکھوں پاکستانی متاثر ہوں گے، جو قانونی بینکنگ چینلز کے ذریعے ترسیلاتِ زر بھیجنے پر انعامی پوائنٹس حاصل کرتے تھے۔

ملک بوستان نے بتایا کہ اس اسکیم کے تحت حاصل ہونے والے انعامی پوائنٹس کو مختلف سرکاری فیسوں اور ٹیکسوں کی ادائیگی میں استعمال کیا جا سکتا تھا، جس سے اوورسیز پاکستانیوں کو نمایاں سہولت حاصل تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ سوہنی دھرتی ریمیٹنس اسکیم کے باعث قانونی بینکاری ذرائع سے ترسیلاتِ زر بھیجنے کا رجحان نمایاں طور پر بڑھا، جبکہ اس اسکیم پر حکومت کی لاگت بھیجی جانے والی رقوم کی مالیت کا صرف ایک سے ڈیڑھ فیصد بنتی تھی۔

ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے مطابق اس اسکیم کو ختم کرنے کے بجائے اسے مزید مؤثر بنایا جانا چاہیے تھا تاکہ قانونی ذرائع سے ترسیلاتِ زر کے فروغ کا سلسلہ برقرار رہتا۔

مزید خبریں

Back to top button