ہیلمٹ کے بغیر موٹرسائیکل سواروں کیخلاف لاہور میں جنرل ہولڈ اپ

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) سٹی ٹریفک پولیس نے شہر بھر میں بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں کے خلاف آج سے جنرل ہولڈ اپ کا اعلان کر دیا ہے۔
چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے واضح کیا ہے کہ بغیر ہیلمٹ کسی بھی موٹرسائیکل سوار کو شہر میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
سی ٹی او کے مطابق مال روڈ، جیل روڈ، کینال روڈ اور مین بلیوارڈ سمیت اہم شاہراہوں پر خصوصی چیکنگ کی جائے گی، جبکہ ایس پیز اور ڈی ایس پیز کو داخلی و خارجی راستوں پر خصوصی ٹیمیں تعینات کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ رواں سال ٹریفک حادثات میں 139 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، جن میں 96 موٹرسائیکل سوار شامل ہیں۔ ان کے مطابق زیادہ تر اموات سر پر لگنے والی چوٹوں کے باعث ہوئیں، جس سے ہیلمٹ کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے۔
سی ٹی او لاہور نے کہا کہ انفورسمنٹ مہم کا مقصد ریونیو اکٹھا کرنا نہیں بلکہ شہریوں کی جانوں کا تحفظ ہے۔ ان کے مطابق شہر میں رجسٹرڈ 82 لاکھ گاڑیوں میں 61 لاکھ سے زائد موٹرسائیکلیں شامل ہیں، اور حادثات میں سب سے زیادہ متاثر بھی یہی طبقہ ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ہیلمٹ مہم کے باعث ہیڈ ٹراما کے واقعات میں 40 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے، تاہم اس میں مزید بہتری کی ضرورت ہے۔
سی ٹی او نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ہیلمٹ کو صرف چالان سے بچنے کا ذریعہ نہ سمجھیں بلکہ اپنی زندگی کے تحفظ کے لیے لازمی استعمال کریں۔



