بہاولپور کے شیر باغ چڑیا گھر میں خوشی کی لہر، شیرنی نے تین ننھے شیروں کو جنم دے دیا


بہاولپور(جانوڈاٹ پی کے) شیر باغ چڑیا گھر میں ایک شیرنی نے تین ننھے شیروں کو جنم دے دیا ہے، جس کے بعد چڑیا گھر میں شیروں کی مجموعی تعداد 19 تک پہنچ گئی ہے۔
چڑیا گھر حکام کے مطابق سیمسن نامی شیرنی نے تین صحت مند بچوں کو جنم دیا ہے۔ ماں اور تینوں نومولود شیروں کو خصوصی نگہداشت کے لیے انتہائی نگہداشت سیل میں رکھا گیا ہے۔
حکام نے بتایا کہ شیرنی کو خصوصی خوراک کے طور پر قیمہ فراہم کیا جا رہا ہے، جبکہ ننھے شیر ماں کا دودھ پی رہے ہیں۔ جانوروں کی صحت کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ ان کی بہتر نشوونما کو یقینی بنایا جا سکے۔
چڑیا گھر انتظامیہ کے مطابق اڑھائی ماہ قبل بھی شیر باغ میں مانو نامی شیرنی نے دو ننھے شیروں کو جنم دیا تھا، جس کے بعد حالیہ پیدائشوں سے مجموعی تعداد میں مزید اضافہ ہوا ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نوزائیدہ شیروں کی دیکھ بھال کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں اور وائلڈ لائف ماہرین صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔