میرج ہالز، فارم ہاؤسز اور بڑے فوڈ چینز کی مانیٹرنگ کیلئے کیمرے لگانے کا فیصلہ

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)پنجاب حکومت نے میرج ہالز، مارکیز، فارم ہاؤسز اور بڑے فوڈ چینز کی مانیٹرنگ کے لیے جدید کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت پنجاب ریونیو سے متعلق اجلاس میں مالی سال 27-2026 کے لیے 528.5 ارب روپے کا ریونیو ہدف مقرر کیا گیا۔ اجلاس میں بڑے ریسٹورنٹس میں کیش وصولی کے بجائے ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم لازمی کرنے پر بھی غور کیا گیا۔

اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ میرج ہالز، مارکیز، فارم ہاؤسز اور بڑے فوڈ چینز کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے کے لیے کیمرہ مانیٹرنگ سسٹم نافذ کیا جائے گا تاکہ آمدن کی شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے اور ٹیکس چوری کی روک تھام کی جا سکے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ اگر دنیا کیش سے ڈیجیٹل نظام کی طرف جا سکتی ہے تو پاکستان کیوں نہیں، ٹیکس چوری پر زیرو ٹالرینس پالیسی اپنائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کیمرے اور ڈیجیٹل سسٹم دونوں کے ذریعے نگرانی کی جائے گی۔

انہوں نے ہدایت کی کہ پنجاب ریونیو اتھارٹی میں انفورسمنٹ اور انسانی وسائل میں اضافہ کیا جائے اور ادارے کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے عوام میں ٹیکس آگاہی بڑھانے کے لیے میڈیا ونگ کو مزید فعال بنانے کی بھی ہدایت کی۔

مزید کہا گیا کہ پی آر اے جہاں بھی کارروائی کرے، اس کی وجوہات کو شفاف انداز میں میڈیا کے سامنے لایا جائے تاکہ عوامی اعتماد میں اضافہ ہو۔

مزید خبریں

Back to top button