ایرانی صدر کے دورۂ پاکستان کے باعث اسلام آباد میں میٹرو بس سروس معطل، سکیورٹی کے سخت انتظامات

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے دورۂ پاکستان کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت میں سکیورٹی کے غیرمعمولی انتظامات کیے گئے ہیں، جس کے باعث آج اسلام آباد میں میٹرو بس سروس مکمل طور پر بند رہے گی۔

میٹرو بس حکام کے مطابق راولپنڈی میں میٹرو بس سروس صبح 6 بجے سے شام 7 بجے تک بحال رہے گی، جبکہ صدر اسٹیشن سے فیض آباد تک سروس معمول کے مطابق جاری رہے گی۔ تاہم آئی جے پی روڈ سے پاک سیکرٹریٹ تک میٹرو بس سروس معطل رہے گی۔

حکام نے مزید بتایا کہ سکیورٹی وجوہات کی بنا پر اسلام آباد کے تمام ٹریلز بھی آج بند رہیں گے۔

واضح رہے کہ ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان آج پاکستان کے سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ رہے ہیں۔ ایرانی حکام کے مطابق اس دورے کا مقصد امریکا اور ایران کے درمیان ثالثی کی کوششوں میں پاکستان کے کردار کو سراہنا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایرانی صدر اپنے دورے کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف کا شکریہ بھی ادا کریں گے۔ معزز مہمان کے استقبال کے لیے وفاقی دارالحکومت کو خصوصی طور پر سجایا گیا ہے جبکہ سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button